لائن آف کنٹرول پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا فوری اور موثر جواب دیں

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:46

لائن آف کنٹرول پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا فوری اور موثر جواب دیں
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی جوانوں کو ہدایت دی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر فوری اور موثر جواب دیں ‘بھارتی جارحیت کا مقصد مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے ‘مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں دیر پا امن کی ضمانت ہے۔

وہ جمعہ کو 10کور ہیڈ کوارٹراور لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو10کور ہیڈ کوارٹر میں مصروف دن گذارا اور لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا بھی دورہ کیا جہاں پر انھیں بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ ‘حالیہ خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول کی مجموعی سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی آپریشنل تیاری اور جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی پر پاک فوج کے بھرپور جواب کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت دی کہ لائن آف کنٹرول پر جوان ہمہ وقت چوکس اور اعلی معیار کو برقرار رکھیں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن دیرپا کی ضمانت ہے‘ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق یہ مسئلہ حل ہونا چاہئیے۔ پاک فوج کے سربراہ جب 10کور پہنچے تو کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے ان کا خیرمقدم کیا۔