پیڑولیم منصوعات میں اضافہ سے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے،ذکر اللہ مجاہد

پارلیمنٹ میں بیٹھے لاکھوں کی سیلریاں لینے والے غریبوں کا درد سمجھنے سے قاصر ہیں ،امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ حکومت کی طرف سے حالیہ پٹرولیم منصوعات میں اضافہ سے غربیوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نائب امراء جماعت اسلامی لاہور انجینئراخلاق احمد،ملک شاہداسلم،ضیا ء الدین انصاری،انجینئر خالد عثمان اورعبدالحفیظ اعوان و دیگر نے شر کت کی ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو مقروض بنا دیا ہے جس کے برائے راست اثرات غریب اور متوسط طبقہ پر پڑ رہے ہیں اور مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام گھروں میں فاقوں کی وجہ سے خود کشیاںکرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روزگار کی عدم فراہمی اور اشیاء ضروریہ کا غریبوں کی پہنچ سے دور ہونا حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔عوامی ریلیف کے نام پر حکومت نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل میں اضافہ کر کے عوام کو ایک مرتبہ پھر بیوقوف بنادیا ہے جو قابل مذمت ہے۔

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ المیہ یہ ہے کہ عوامی مسائل ختم ہونے کی بجائے بڑھتے ہی جا رہے ہیں ، لاہور شہر ہو یا ملک بھر کا قریہ قریہ کئی افراد کھلے آسمان کے نیچے فٹ پاتھوں پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں فاقوں اورغربت کی وجہ سے چلتے پھرتے انسان لاش کی مانند جینے پر مجبور ہیں جبکہ ہمارے ایوانوں میں بیٹھے عوامی نمائندے لاکھوں کی سیلریاں لینے والے غربیوں کا درد سمجھنے سے قاصر ہیں اورحکمران ٹولہ وزراء اور ان کے کارندے ساڑھے تین سال سے عوام کو قربانی کا بکرابنا کر مختلف زوایوں سے عوامی پیسہ دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف عمل ہے ۔