بلوچ اقوام کو باہمی تنازعات سے نکل کر خطے میں رونما ہونے والی تبدیلی کا ادراک کرنا ،معاشی و اقتصادی ترقی کرنا ہوگی،سرداریار محمد رند،سردار کمال خان بنگلزئی

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء)رند قبیلے کے سربراہ سرداریار محمد رند سے رکن قومی اسمبلی سردا ر کمال خان بنگلزئی کی سربراہی میں اقوام بنگلزئی کے قبائلی عمائدین نے شوران میں ملاقات کی اور قبائلی امور سمیت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بلوچستان کے معاملات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا اس موقع پر سرداریار محمد رنداورسردارکمال خان بنگلزئی نے پائیدار ترقی کیلئے امن کو ناگزیر قراردیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کا اظہارکیا کہ بلوچ اقوام کو باہمی تنازعات سے نکل کر خطے میں رونما ہونے والی تبدیلی کا ادراک کرنا ہوگا اور معاشی و اقتصادی ترقی اور بلوچ قوم کو تعلیمی شعور کے ذریعے جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی و قبائلی امور میں بلوچوں کی باہمی مشاورت کا عمل بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے ارتقائی عمل میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

سرداریارمحمد رند اورسردار کمال خان بنگلزئی نے علاقائی و صوبائی صورتحال پر تفصیلی غور کرتے ہوئے وقت و حالات کی مناسبت سے جملہ معاملات کے بہتر ادراک اور باہمی مشاورت کے تسلسل کی ضرورت پرزور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور علاقے کے بہتر مفاد میں سیاسی و قبائلی میں مشا ورت و یکجا حکمت عملی بہتر نتائج کی حامل ثابت ہوگی اوراسکے مثبت اثرات برآمد ہونگے۔