محمد منشا ء اللہ بٹ کی صوبائی وزیر بننے کے بعد اپنے شہر آمد‘ مبارکباد دینے والوں کا تانا بندھ گیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:53

سیالکوٹ۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ وزیر بننے کے بعد بغیر کسی پروٹوکول اور جلوس کے اپنے شہر پہنچ گئے ‘ مسلم لیگ (ن) کارکن اور قریبی ساتھی بھی محمدمنشاء اللہ بٹ کی آمد سے بے خبر رہے اور خبر ملتے ہی ان کے گھر اراضی یعقوب میں شہریوں کا تانا بندھ گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، یوسی چیئرمینوں، پارٹی عہدیداران اور مختلف سرکاری محکموں کے مقامی حکام نے ان کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور ان کو بلدیات کی اہم وزارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور امید کا اظہار کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں کما حقہ ادا کریں گے ۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے شہریوں کی بے پناہ محبت اور چاہت کے اظہار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ میں ناچیز اس قابل نہیں مگر اللہ کی فضل اور شہر اقبال کے باسیوں کی محبت نے مجھے یہ مرتبہ عطا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی پوری دیانتداری اور جانفشانی سے انجام دیں گے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ میونسپل سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو میونسپل سہولیات کی فراہمی میں عدم دلچسپی اورغفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی خدمت ہی میرا نصب العین ہے اور اللہ کے فضل سے خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے مرحوم بھانجے کیلئے دعائے مغفرت کی ۔ قبل ازیں محمد منشاء اللہ بٹ نے پاکستان مسلم لیگ کے رہنما خواجہ محمد صفدر مرحوم اور اپنے والدین کے قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔