سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کا معاملہ

دسمبر کو گاڑی پیش کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرکورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی

پیر 5 دسمبر 2016 19:41

․اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کا معاملہ ،8دسمبر کو گاڑی پیش کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرکورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کو ہائی کورٹ میں پیش کرنے کے فیصلے کیخلاف پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے فوکل پرسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ احسن الدین نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے 2 دسمبر کے فیصلے خلاف انٹر کورٹ اپیل دائر کر دی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے 2 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ،سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں ، 2 دسمبر کو فیصلہ غیر قانونی ہے،جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا تب تک گاڑی واپس نہ لی جائے، اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں بلٹ پروف گاڑی کی پارکنگ کے لئے جگہ نہیں، واضح رہے کہ درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع ، وزارت قانون، کابینہ ڈویڑن اور چاروں صوبائی سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا ہے ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی 8 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔( مہر علی خان)