اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کو 8 دسمبر کو عدالت میں لانے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر

پیر 5 دسمبر 2016 21:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی کو 8 دسمبر کو عدالت میں لانے کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی۔ پیر کو پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے فوکل پرسن نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ شیخ احسن الدین نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے 2 دسمبر کے فیصلے خلاف انٹر کورٹ اپیل دائر کردی۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے 2 دسمبر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں،2 دسمبر کا فیصلہ غیر قانونی ہے، جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوتا تب تک گاڑی واپس نہ لی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں بلٹ پروف گاڑی کی پارکنگ کیلئے جگہ نہیں۔ درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع ، وزارت قانون، کابینہ ڈویڑن اور چاروں صوبائی سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا ہے ۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے افتخار چوہدری کی بلٹ پروف گاڑی 8 دسمبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔