بلال یاسین کا لاہور کے مختلف علاقوں میں واقع ریسٹورنٹس کا اچانک دورہ

لاہور کے دو مشہور ریسٹورنٹس کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر سربمہر کر دیا گیا،جبکہ ایک کو 3لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا صوبہ بھر کے فوڈ انسپکٹرز ایمانداری سے نگرانی کریں،میں خود مختلف شہروں میں ریسٹورنٹس کے اچانک دورے کروں گا،وزیر خوراک پنجاب

منگل 6 دسمبر 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور کے پوش علاقوں میں واقع مختلف ریسٹورنٹس کا اچانک دورہ کیا - صوبائی وزیر نے ایم ایم عالم روڈ پر واقع چائینز ریسٹورنٹ (Hsin kuang) اور قبائل ریسٹورنٹ کو ناقص انتظامات ، چائلڈ لیبر ، مضر صحت اشیاء کے استعمال، پروڈکشن ایریا میں فالتو سامان کی موجودگی اور اشیاء پر ٹیگ موجود نہ ہونے کی وجہ سے فوری طور پر سربمہر کر دیا -جبکہ (Sichuan) ریسٹورنٹ کو 3لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا -صوبائی وزیر نے (Pizza Hut) اور منال ریسٹورنٹ کا بھی اچانک دورہ کیا اور انہیں اپنے انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی-انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ایریا میں ناقص صفائی ،زائدلمعیاد اشیاء کے استعمال ، حشرات کی موجودگی، گندی دیواروں اور بدبو دار ماحول کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی- صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سربمہر کئے جانے والے ریسٹورنٹس کی انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ جاری کی کہ وہ آئندہ انتظامات کو ہر صورت بہتر بنائیں- صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دیئے گئے ایس او پیز کے مطابق ریسٹورنٹ انتظامیہ کام کریں ، بہتر کام کرنے والے ریسٹورنٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے تعر یفی اسناداور نقد انعام بھی دیئے جائیں گے -جبکہ عوام کی صحت سے کھلوارکرنے والے افراد کو کسی صورت کھلی چھٹی نہیں دی جائے گی -میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام ان ریسٹورنٹس پر اعتماد کر کے یہاں کھانا کھانے آتے ہیں اگر ان کے کچن کی حالت ان کسٹمرز کو دیکھائی جائے تو لوگ آنا چھوڑ دیں- انہوں نے کہا چائلڈ لیبر، پروڈکشن ایریا میں ناقص انتظامات ،زخمی ہاتھوں کے ساتھ کام کرنے والا عملہ ، گندے فریزر اور جگہ جگہ جالوں کی موجودگی نا قابل برداشت ہے -انہوں نے ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے ورکرز کے میڈیکل سرٹیفیکیٹ بھی چیک کئی- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب صوبہ کے ریسٹورنٹس میں حفظان صحت کھانوں کی فروخت کو یقینی بنانے اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے انسپکشن اور ان کی ٹریننگ بھی کر ر ہا ہی-انہوں نے کہا کہ تمام ضلعوں میں موجود فوڈ انسپکرز ایمانداری سے نگرانی کریں اور وہ خود بھی مختلف شہروں میں ریسٹورنٹس کے اچانک دورے کریں گے - ناقص انتظامات کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی-ڈائریکٹر آپریشنزپنجاب فوڈ اتھارٹی لبنی اور فوڈ انسپکٹرز بھی صوبائی وزیر کے ساتھ موجود تھے -