سردیوں میں انسداد ڈینگی اقدامات سے آئندہ سیزن میں ڈینگی میں 80فیصد کمی آسکتی ہے، ای ڈی او ہیلتھ

منگل 6 دسمبر 2016 19:17

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہاہے کہ اگر شہری سردیوں کے موسم میں چھتوں پر رکھی پانی کی ٹینکیوں اور زیر زمین پانی کے ٹینک کی مکمل صفائی کر لیں تو آئندہ سیزن کیلئے ڈینگی پر 80فیصد تک قابو پایا جا سکتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈینگی مچھر کے انڈے سردیوں میں بھی موجود ہوتے ہیں جوپانی ملے بغیر بھی طویل عرصہ تک اپنا وجود برقرار رکھ سکتے ہیں اور جب بھی ان انڈوں کو سازگار ماحول اور صاف پانی میسر آئے تو ڈینگی مچھر کی افزائش کا عمل شروع ہو جاتاہے۔

ان خیالا ت اظہار انہوںنے شہریوں کی آگاہی کیلئے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقد کئے گے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شیخ عامر، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقا ر احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار میں عام طلبہ، اساتذہ اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں ڈینگی کا مچھر غیر فعال ہو جاتاہے اور ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں کمی آجاتی ہے مگر عام شہریوںکیلئے ضروری ہے کہ سردیوں میں بھی انسداد ڈینگی اقدامات کر توجہ دیں اور اس کا فائدہ آئندہ ڈینگی سیزن میں ہو سکتاہے۔ انہوںنے کہاکہ ڈینگی مچھر کے انڈے ایک سال سے زیادہ عرصہ بھی اپنا وجود برقرار رکھ سکتے ہیں اور انہیں جب بھی سازگار ماحول اور صاف پانی میسر آتاہے تو ڈینگی مچھر کی افزائش کا عمل شروع ہو جاتاہے۔

ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر نے کہا کہ اس سال راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں گذشتہ برس کی نسبت ستر فیصد کمی آئی ہے کیونکہ اس سال یکم جنوری سے 28نومبر تک راولپنڈی کے 1,151شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے جبکہ گذشتہ برس 2015میں یکم جنوری سے 28نومبر تک راولپنڈی کے 3,290شہری ڈینگی کا شکار ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ اگر سردیوں کے موسم میں بھی انسدا د ڈینگی اقدامات پر توجہ دیں تو ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ہو سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :