لاہور ہائیکورٹ کا رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر یک طرفہ کارروائی کا حکم

منگل 6 دسمبر 2016 20:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر یک طرفہ کارروائی کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی ۔ یہ درخواست جمشید دستی کے حلقہ این اے 178سے مقامی ووٹر فاروق خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کو نااہل قرار دی چکی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ صادق اور امین نہیں مگر ریٹرننگ افسر نے اس اعتراض کو نظر انداز کیا جس کی وجہ سے جمشید دستی رکن قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جمشید دستی اپنے قول و فعل میں تضاد سے ثابت کر چکے ہیں کہ وہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے معیار پرپورا نہیں اترتے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ بطور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔فاضل عدالت نے جمشید دستی کے عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر درخواست پر یکطرفہ کارروائی کا حکم دیتے ہوئے آئندہ ہفتے حتمی دلائل کے لیے طلب کر لیا۔