صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا لاہور کے ریسٹورنٹس کا اچانک دورہ،ْ دو مشہور ریسٹورنٹس کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر سربمہر کر دیا گیا، ایک کو 3لاکھ روپے جرمانہ

منگل 6 دسمبر 2016 21:00

لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور کے پوش علاقوں میں واقع مختلف ریسٹورنٹس کا اچانک دورہ کیا ۔صوبائی وزیر نے ایم ایم عالم روڈ پر واقع چائینز ریسٹورنٹ اور قبائل ریسٹورنٹ کو ناقص انتظامات ، چائلڈ لیبر ، مضر صحت اشیاء کے استعمال، پروڈکشن ایریا میں فالتو سامان کی موجودگی اور اشیاء پر ٹیگ موجود نہ ہونے کی وجہ سے فوری طور پر سربمہر کر دیا جبکہ (Sichuan) ریسٹورنٹ کو 3لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ۔

صوبائی وزیر نے پیزا ہٹ اور منال ریسٹورنٹ کا بھی اچانک دورہ کیا اور انہیں اپنے انتظامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی-انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ایریا میں ناقص صفائی ،زائدلمعیاد اشیاء کے استعمال ، حشرات کی موجودگی، گندی دیواروں اور بدبو دار ماحول کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے سربمہر کئے جانے والے ریسٹورنٹس کی انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں وارننگ جاری کی کہ وہ آئندہ انتظامات کو ہر صورت بہتر بنائیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کی جانب سے دیئے گئے ایس او پیز کے مطابق ریسٹورنٹ انتظامیہ کام کریں ، بہتر کام کرنے والے ریسٹورنٹس کی حوصلہ افزائی کے لئے تعر یفی اسناداور نقد انعام بھی دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب صوبہ کے ریسٹورنٹس میں حفظان صحت کھانوں کی فروخت کو یقینی بنانے اور ان کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے انسپکشن اور ان کی ٹریننگ بھی کر ر ہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعوں میں موجود فوڈ انسپکٹرز ایمانداری سے نگرانی کریں اور وہ خود بھی مختلف شہروں میں ریسٹورنٹس کے اچانک دورے کریں گے ۔ ناقص انتظامات کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔ڈائریکٹر آپریشنزپنجاب فوڈ اتھارٹی لبنی اور فوڈ انسپکٹرز بھی صوبائی وزیر کے ساتھ موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :