عوام کی بلاامتیازخدمت صوبائی حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے،انیسہ زیب طاہر خیلی

منگل 6 دسمبر 2016 23:29

پشاور۔06دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہرخیلی نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی بلاامتیاز خدمت اور ان کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اس لئے نہ صرف صوبے کے اہم شعبوں کو مثبت اصلاحات کے ذریعے عوامی امنگوں کا آئینہ دار بنایا گیا ہے بلکہ عوام کے دیرینہ مسائل بھی خوش اسلوبی سے حل ہورہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر میں پبلک ڈے کے موقع پر صوبہ بھر سے آئے ہوئے مختلف عوامی وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے اس موقع پر گہری دلچسپی کے ساتھ عوام کے مسائل سنے اور ان کو حل کرنے کے سلسلے میں متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔صوبائی وزیر نے اپنے محکمہ جات معدنی ترقی اور لیبر سے متعلق عوامی مسائل کے حل کے بارے میں دونوں محکمہ جات کو حکام کو جلد از جلد اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور وفود کو یقین دلایا کہ ترجیحی بنیادوں پر انکے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی اور انہیں درپیش مسائل و مشکلات کا خاتمہ ہمارا مقصد اور سیاست کا محور ہے جس کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔