عاطف خان کی قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تعاون کی یقین دہانی

منگل 6 دسمبر 2016 23:29

پشاور۔06دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم اور توانائی و برقیات محمد عاطف خان نے قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت انہیں مکمل تحفظ فراہم کرے گی اور ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔یہ یقین دہانی انہوں نے منگل کے روز پشاور میں چینی وفد سے ملاقات کے دوران کرائی۔

چینی وفد نے صوبائی وزیر کوصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لیتے ہوئے بتایا کہ وہ خیبر پختونخوا میں مختلف پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں اور دلی خواہش ہے کہ صوبے میں مزید سرمایہ کاری بھی کریں۔انہوں نے اس موقع پر بعض مسائل ومشکلات کی بھی نشاندہی کی جن کا وزیر موصوف نے فوری طور پر حل کرنے کا یقین دلایا۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر شعبے میں میرٹ پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس کا عزم ہے کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ہر منصوبہ بروقت مکمل ہو اورا س پر عمل درآمد میں حائل رکائوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ منصوبے تاخیر کا شکار نہ ہوں۔

عاطف خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں خصوصاً پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاری کیلئے حالات سازگاربنانے کے ساتھ ساتھ حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کرنے میں انتہائی سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حال ہی میں 668میگاواٹ کے 7منصوبے نجی شعبے میں آفر کئے ہیںجن کیلئے ان کا رسپانس انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ جن منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور فزیبیلٹی بھی مکمل ہے انہیںاوپن بڈ کے ذریعے دیا جائے گا جبکہ سائٹ کی نشاندہی اور فزیبیلٹی کرنے والے کو پہلے آئیے اور پہلے پائیے کی بنیاد پر منصوبے دئیے جائیں گے۔انکا مزید کہنا تھا کہ تھرمل کے مقابلے میں ہائیڈرو پاور بہت سستا ہے اس لئے حکومت خیبر پختونخوا کی بھرپور توجہ اس شعبے پر مرکوز ہے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے پرکشش مراعات آفر کی گئی ہیں۔