سی پیک سے بلوچستان میں ترقی کے نئے در وا ہوں گے، منصوبے کے مغربی روٹ کے مطابق شبہات غلط ثابت ہوئے، اس روٹ سے چین کا پہلا تجارتی قافلہ مشرق وسطیٰ کے لئے روانہ ہو گیا ہے، تین سال میں 11ہزار میگاواٹ بجلی قومی نظام میں شامل ہو گی، دیامر بھاشا ڈیم کاافتتاح آئندہ سال ہو گا، حکومتی اقدامات کے باعث شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہوا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال

جمعرات 8 دسمبر 2016 14:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) سے صوبہ بلوچستان کے لئے ترقی کے نئے در وا ہوں گے، منصوبے کے مغربی روٹ کے مطابق شبہات غلط ثابت ہوئے ہیں اور اس روٹ سے چین کا پہلا تجارتی قافلہ مشرق وسطیٰ کے لئے سامان لے کر روانہ ہو گیا ہے ۔

جمعرات کو یہاں ایک ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک منصوبہ گیم چینجرہے جس سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کاآغازہو گا۔سی پیک سے گوادر تجارتی سرگرمیوں کا ہب (مرکز) ہو گا جس سے اس علاقے میں غربت میں کمی آئے گی اور شہریوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک سے پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے میں کامیاب ہواہے اور چین کی قیادت پاکستان کے صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گزشتہ67 سالوں میں پاکستان میں صرف 17ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی ہے جبکہ اس منصوبے کے ذریعے آئندہ تین سالوں کے دوران بجلی کے قومی نظام میں 11ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہو گی جس سے توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوںنے مزید بتایاکہ دیامر بھاشا ڈیم کاافتتاح آئندہ سال ہو گا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو معاشی طورپر مضبوط بنانے کے لئے موجودہ حکومت کا معاشی ایجنڈا بہت اہم ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومتی اقدامات کے باعث شرح نمو میں نمایاں اضافہ ہواہے۔