صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں ، باہمی رابطوں کی ضرورت ہے ، منظور وسان

پانی ، سڑکوں کی تعمیر اور انفرااسٹرکچر کی کمی سے متعلق درپیش مسائل حل کئے جائیں گے،صنعتکاروں سے خطاب

جمعرات 8 دسمبر 2016 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2016ء) صوبائی وزیرصنعت و تجارت منظور وسان نے صنعتکاروںکو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں اور باہمی رابطوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ صنعتکاروں کی مشاورت سے پانی ، سڑکوں کی تعمیر اور انفرااسٹرکچر کی کمی سے متعلق درپیش مسائل حل کئے جائیں گے تاکہ صنعتکار بغیرکسی رکاوٹ کے اپنی فیکٹریوں میں پیداواری عمل جاری رکھ سکیں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے کے دورے کے دوران سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں ممبران صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر جمشیداحمد چاندی والا اور سینئرنائب صدر سلطان صلاح الدین چشتی اور سیکریٹری عبدالرحیم سومرو نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا کہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ جلد شروع کردیا جائے گاتاکہ غیرملکی خریدار یہاں بآسانی آسکیں اس کے ساتھ ہی علاقے میں فیکٹریوں کو پانی کی قلت دور کرنے کے بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے صنعتکاروں کی جانب سے فائراسٹیشن کے قیام کے مطالبے پر کہا کہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی علا قے میںفائراسٹیشن ضروری ہے اوریہاں جدید ترین ایکوئپمنٹ سے آراستہ فائراسٹیشن کے قیام کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔وزیرصنعت وتجارت سندھ نے کہاکہ ریونیو اور آبادی کے لحاظ سے اور صوبے کا داالخلافہ ہونے کی حیثیت سے شہر کراچی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،کراچی کو اکیلا نہیں چھوڑا جاسکتا ہم اس شہر کو اپنا سمجھتے ہیں اور اس کے جائز حقوق کے لیے وفاق کی سطح پر جدوجہد کریں گے۔

انہوں نے امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے کہاکہ ماضی کی نسبت کراچی میں حالات بہت بہتر ہوئے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج شہری بغیر کسی خوف کے رات گئے آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جو اس شہر کے پرامن ہونے کی گواہی دیتے ہیں۔ایسوسی ایشن کے صدر جمشید چاندی والا نے سندھ میں صنعتوں کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پورے صوبے میں خوشحالی یقینی بنانے کے لیے صنعتوں کا فروغ ہی واحد حل ہے۔

سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقہ سمیت سندھ بھر میں قائم تمام صنعتی زونز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجانا چاہیے جس سے نہ صرف موجودہ صنعتیں بغیر کسی مشکل کے اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی بلکہ بند صنعتوں کو بھی دوبارہ فعال بنایا جاسکے گا۔ ایسوسی ایشن کے سینئرنائب صدرسلطان صلاح الدین چشتی نیسائٹ سپرہائی وے صنعتی زون سڑکوں کی خستہ حالی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کو صنعتی زونز کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے بصورت دیگر صنعتی کارکردگی مزید متاثر ہونے کا امکان ہے اور برآمدات میں کمی بھی جاری رہے گی۔

انہوں نے کراچی میں قیام امن کے حوالے سے سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز کی کوششوں کی تعریف کی لیکن ساتھ ہی اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی وارداتوںمیں اضافے پر تشویش کا بھی اظہار کیا۔ بعد ازاںصوبائی وزیرنے جمشید چاندی والا اورسلطان صلاح الدین چشتی کے ہمراہ صنعتی علاقے کاتفصیلی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :