بلال یاسین اور زعیم حسین قادری نے حضرت پیر مکی ؒ کے عرس کی سالانہ تقریبات کا چادر پوشی سے افتتاح کیا

صوبائی وزیر نے پی آئی اے حادثہ کے شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی ، لوگوں میں لنگر تقسیم کیا

جمعہ 9 دسمبر 2016 21:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ اولیائے اللہ کی تعلیمات ہمیں درس دیتی ہیں کہ ہم انسانیت کی خدمت ، محبت اور رواداری کے جدبے کو فروغ دیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے عدم برداشت ،جہالت اور تعصب کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے آج حضرت پیر مکی ؒ کے 826 ویں عرس کے موقع پر دو روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزار پر چادر پوشی کی اور مزار پر آئے ہوئے لوگوں میں لنگر تقسیم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ اور صوفی بزرگوں کی زندگی ہمیں سادگی اور دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں ۔ان کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہمیں انفرادی اور اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہو گی ۔ صوبائی وزیر نے مزار پر چادر پوشی کی تقریب کے بعد پی آئی اے حادثہ میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات کے لئے بھی دعا کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید زعیم حسین قادری ، سیکرٹری اوقاف ، ڈی جی اوقاف اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف موجود تھے ۔