کرپشن کی دھند میں آئین وقانون کی کریشن لینڈنگ ہوتی رہے گی‘ ڈاکٹر طاہر القادری

غالب امکان ہے جنوری میں پانامہ کیس کی باضابطہ تدفین ہو جائے گی‘ ہماری احتجاجی جدوجہد کا ’’نیوکلس‘‘ سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف ہے،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کاکنونشن سے خطاب

جمعہ 9 دسمبر 2016 22:30

کرپشن کی دھند میں آئین وقانون کی کریشن لینڈنگ ہوتی رہے گی‘ ڈاکٹر طاہر ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عوامی تحریک پنجاب کے ضلعی صدور،ناظمین و عہدیداران کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جب تک کرپشن کی دھند ہے آئین ،قانون وجمہوری اخلاقیات کی کریشن لینڈنگ ہوتی رہے گی ۔ادارے کمزور مقتدر مافیا مضبوط ہے۔ 7ماہ میں پانامہ لیکس پر روزانہ بریفننگ لینے والے وزیر اعظم بتائیں قومی ایکشن پلان ،سرل لیکس کی تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کتنے اجلاس منعقد کئی ملک اور عوام کو دہشتگردی کے عفریت میں مبتلا چھوڑ کر حکمران لوٹ مار کی دولت بچانے کے کام پر لگ گئے ۔

موجودہ حکمران بچ گئے تو ملک کا بہت نقصان ہو گا،سرل لیکس کا سائڈ پر کر دیا جانیوالا کردار ایک بار پھر نمودار ہو رہا ہے،یہی کھیل سانحہ ماڈل ٹائون کے ایک کردار وزیر قانون پنجاب کے حوالے سے بھی کھیلا گیا تھا۔

(جاری ہے)

حکمران ملک ،قوم اور سلامتی کے اداروں سے کھیل کھیل رہے ہیں ۔غالب امکان ہے جنوری میں پانامہ کیس کی باضابطہ تدفین ہو جائے گی اور یہ کرپشن کنگز کیلئے نئے سال کا تحفہ ہو گا ،میں نے اپنے دورہ مراکش کے موقع پر اناللہ و انا الیہ راجعون کا جو تبصرہ کیا تھا اسکی سمجھ سب کو آجائے گی۔

کرپشن ہو یا قومی سلامتی کا تحفظ، فکس میچ کھیلے گئے۔نواز شریف کی حکومت پانامہ اور سرل لیکس کے دبائو سے نکلی تو کنٹرول لائن کی صورتحال بھی کنٹرول میں آ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن پاکستان کو لٹیروں کے چنگل سے آزاد کروانے کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گا، ہماری احتجاجی جدوجہد کا ’’نیوکلس‘‘ سانحہ ماڈل ٹائون کا انصاف ہے۔

کنونشن میںلاہور،بہاولپور،ڈی جی خان،گوجرانوالہ،ملتان،راولپنڈی اور ساہیوال ڈویثرن کیعہدیداروں نے شرکت کی۔ڈاکٹر طاہر القادری نے تحریک کیلئے بے مثال جدوجہد کرنے پر خرم نواز گنڈا پور کیلئے گولڈ میڈل کا اعلان کیا اس کے علاوہ شاندار تنظیمی ،تحریکی خدمات پراحمد نواز انجم، سردار شاکر مزاری ،رفیق نجم،رانا ادریس کیلئے بھی گولڈ میڈل کا اعلان کیا۔سربراہ عوامی تحریک نے تنویر خان کو کوآرڈینیشن کے حوالے سے متحرک کردار ادا کرنے پر شاباش دی ۔