امجد صابری کے قتل میں ملوث مجرموں کا چالان 20 دسمبر تک پیش کرنے کا حکم

دہشتگردوں کو گواہوں نے شناخت کر لیا ،پولیس ، دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کا مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم

ہفتہ 10 دسمبر 2016 15:11

امجد صابری کے قتل میں ملوث مجرموں کا چالان 20 دسمبر تک پیش کرنے کا حکم
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے دہشتگرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے خلاف بیس دسمبر تک چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت سے پولیس نے امجد صابری، ملٹری پولیس، رینجرز اہلکاروں اور دیگر مقدمات میں چالان پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے خلاف بیس دسمبر تک چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ دہشت گردوں کو گواہوں نے شناخت کر لیا ہے۔ دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق بوبی نے مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ دہشت گردوں کے خلاف ایف ایس ایل اور دیگر قانونی شہادتیں جمع کرنی ہیں۔ حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ دہشت گرد عاصم کیپری اور اسحاق کے خلاف 34 اہم ترین مقدمات میں شواہد حاصل کر لیے ہیں۔ دہشت گرد پولیس اہلکاروں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کی سنگین وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔