اسلام ہمیں انسانی حقوق کی پاسداری کی تعلیم دیتا ہے، موجودہ حکومت انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے،میں نے ہمیشہ انسانی آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور سب کے لئے انصاف کے لئے آواز بلند کی

ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے پاکستان اپنی علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے وزیراعظم محمد نواز شریف کا انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 10 دسمبر 2016 22:50

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام ہمیں انسانی حقوق کی پاسداری کی تعلیم دیتا ہے، موجودہ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن بین الاقوامی انسانی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کی طرف سے 1948ء سے انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا کی اقوام کی توجہ انسانی حقوق اور انسانی اقدار کے تحفظ کی طرف دلانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کا عالمی دن منانے کے آغاز سے بہت پہلے ہمارے مذہب اسلام نے انسانی حقوق کی پاسداری کی تعلیم دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ انسانی آزادی اور اظہار رائے کی آزادی اور سب کے لئے انصاف کے لئے آواز بلند کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ امتیاز اور شدت پسندی کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ہماری حکومت قائداعظم کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے لئے قومی اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ ہم پرامن بقائے باہمی کا ایسا ماحول پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں جہاں تمام انسانوں کو برابر کا درجہ حاصل ہو اور ذات، نسل، رنگ، مذہب اور صنف کی بناء پر ان کے ساتھ امتیاز نہ برتا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سمیت بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے پاکستان اپنی علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور ہم انسانی حقوق کے حوالے سے کنونشنز پر مناسب طور پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔

وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے منصوبے کے تحت نوجوانوں کے لئے مواقع پیدا کئے جا رہے ہیں تاکہ انہیں بااختیار اور اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس طرح ہم نوجوانوں کے لئے ایک ایسا ماحول پیدا کر رہے ہیں جس میں وہ قومی تعمیری عمل کا حصہ بن سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کے لئے ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے جس کے تحت پالیسی اور قانونی اصلاحات، انسانی حقوق کی تعلیم، آگاہی، تحقیق و ابلاغ کے ذریعے موجودہ میکنزم میں ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ قومی انسانی حقوق کے ادارے قائم اور مضبوط بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے بہت سے قانونی اقدامات کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ انسانی حقوق کا عالمی دن منائے جانے سے اس دن کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر ہوگا۔