یمن: عدن میں فوجی اڈے پر خودکش حملہ، 35 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

اتوار 11 دسمبر 2016 13:20

عدن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 دسمبر2016ء) یمن کے ایک فوجی اڈے پر خودکش بم دھماکے میں 35 فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق یمنی حکومت کے زیرِ کنٹرول شہر عدن میں یہ حملہ اس وقت ہوا جب فوجی اڈے پر متعدد اہلکار اپنی تنخواہیں لینے کے جمع ہوئے تھے۔کچھ اندازوں کے مطابق اس حملے میں 50 افراد ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

اس حملے کی اب تک کسی گروہ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم عدن شہر ماضی میں خطے میں موجود جہادی تنظیموں کے نشانے پر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سال اگست میں بھی عدن میں ایک خودکش حملے میں 60 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے قبول کی تھی۔یمن میں مارچ 2015 سے سورش جاری ہے جہاں جلاوطن صدر عبدربہ منصور ہادی کی حامی فوجیوں حوثی باغیوں کے خلاف لڑ رہی ہیں۔القاعدہ اور دولتِ اسلامیہ جیسی شدت پسند تنظیموں نے ملک میں جادی خانہ جنگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کے جنوب میں کئی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق خانہ جنگی کے آغاز سے اب تک 7270 افراد مارے جا چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں۔