سیکورٹی فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا ہے

وزیر ریلوے سعد رفیق کی مزار قائد پر میڈیا سے بات چیت

اتوار 11 دسمبر 2016 22:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں، سیکورٹی فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا ہے، ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق آگے نہیں بڑھا سکے لیکن پھر بھی اسلامی ممالک میں پاکستان ایک مستحکم ملک نظرآتا ہے، اب جمہوریت کی راہ پر گامزن ہے اور مسائل کے باوجود ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کے ریاستی ادارے آئین کے دائرے میں کام کررہے ہیں، جمہوریت کی موجودہ شکل ہماری منزل نہیں بلکہ ہمیں اس میں شفافیت لانی ہے۔ کراچی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ شہر پر چھائے آسیب کے سائے چھٹ رہے ہیں، سیکورٹی فورسز اور سول حکومت نے کراچی کے امن و امان کے لئے بہت کام کیا اور کر بھی رہے ہیں، آنے والی نسل کو روشن، خوشحال اور مستحکم پاکستان دیں گے۔