مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام قومی سیرت کانفرنس کا اعلامیہ، امت مسلمہ کااتحاد عصرحاضر کی سب سے بڑی ضرورت،کو فرقوں سے نکال کر عاشق رسول ﷺ ، سچا مسلمان اورمحب وطن شہری بنانا ہوگا، سیرت طیبہ پر عمل پیراہونے کے عزم و عہد کی تجدید

پیر 12 دسمبر 2016 20:40

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء)مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام قومی سیرت کانفرنس کے اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ امت مسلمہ کااتحاد عصرحاضر کی سب سے بڑی ضرورت ہے،جشن عیدمیلادالنبیﷺ کا سب سے بڑا پیغام ’’میلادالنبیﷺ منائیں‘سیرت النبیﷺ اپنائیں‘‘ کے تحت عشق رسول ﷺ میں ڈوب کر سیرت طیبہ پر عمل پیراہونے کے عزم و عہد کی تجدید کرناہے،مسلم دنیاکے تمام مسائل کا حل رسول اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دامن رحمت سے وابستہ ہونے میں ہے، بروزمحشر نبی مہربان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شفاعت کا مستحق بننے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ لوگوں کو فرقوں سے نکال کر عاشق رسول ﷺ ، سچا مسلمان او رمحب وطن شہری بنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

قومی سیرت کانفرنس سے پاکستان کے معروف مذہبی سکالر علامہ علی اختر اعوان، صدر مرکزی سیرت کمیٹی صاحبزادہ پیر محمدسلیم چشتی،عتیق احمدرضا ،سیدنثارالحسن گیلانی ودیگر نے خطاب‘معروف نعت خواں حافظ اسد شوکت،قاضی وحیداحمدنے گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ کانفرنس میںصاحبزادہ جاویدمنان قریشی، صاحبزادہ پیرمیاں محمدشفیع جھاگوی،پیرسیدنثارالحسن گیلانی،پیرمحمدلیاقت علی قادری،سابق وزیرچوہدری محمدرشید، سیکرٹری اموردینیہ سیدنظیرالحسن گیلانی،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سیدشکیل گیلانی،سابق ایڈمنسٹریٹر سردارمبارک حیدر، شوکت جاوید میر کے علاوہ جیدعلماء کرام،اساتذہ و طلباء سمیت ہزاروں فرزندان اسلام نے شرکت کی۔

علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ نبی اکرم شفیع معظم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ککل عالمین کے نبی و رسول ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت پر کائینات کی ہر چیز خوشی کا اظہارکرتی ہے،حضور صاحب یوم النشور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل عالمین کے لئے رحمت بن کر مبعوث ہوئے ،حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی کائنات کی سب سے بڑی نعمت و رحمت ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اللہ کریم نے اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عظیم مرتبہ اور مقام عطافرمایا ہے،یہاں تکہ کہ اللہ اور اس کے فرشتے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودبھیجتے ہیں اور اس درود کی کوئی حد نہیں ہے۔اللہ کریم نے ایمان والوں کو حضورنبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودو سلام پڑھنے کا حکم دے کر حضور کی پوری کائنات پر افضلیت کا بھی اعلان فرما دیاہے۔

اللہ کریم نے اپنے حبیب کے ذکر کو بلند تر فرمایاہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہر آنے والے ساعت بڑھتی ہی جارہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پوری امت مسلمہ کے پاس اتحاد اور کامیابی اور فلاح کے لئے مکین گنبد خضریٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت و اطاعت ہی واحد راستہ ہے۔سیرت طیبہ کو چھوڑ کر مسلم امہ فروعی مسائل کا شکارہے جس کا خمیازہ ہم دنیامیں رسوائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔