کراچی میں عید میلاد النبیﷺ انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پیر 12 دسمبر 2016 21:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں عید میلاد النبیﷺ پیر کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ شہر بھر سے 400 سے زائد جلوس و ریلیاں برآمد ہوئیں۔ اس موقع پر حکومت سندھ نے مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے لئے 4 ہزار860 پولیس اہلکاروں و افسران کو تعینات کیا گیا تھا۔ صبح بہاراں کا آغاز مساجد میں قران خوانی، اجتماعی دعائوں اور درود و سلام سے کیا گیا۔

شہر بھر میں میلاد کی محافل منعقد کی گئیں جس سے علماء کرام نے خطاب کیا۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ اخبارات و رسائل نے عید میلاد النبیؐ کی منابست سے خصوصی مضامین و آرٹیکل شائع کئے۔ شہر میں سیرت النبی کانفرنس ہوئی۔ میلاد مصطفی کی خوشی میں پورے شہرکو روشنیوں سے سجایا گیا، سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔

(جاری ہے)

عید میلاد النبیؐ کے شرکاء کے لئے مرکزی استقبالیہ کیمپ نمائش چورنگی پر لگایا گیا تھا، عید میلا النبیؐ کی مناسبت سے نذر و نیاز کا بھی بھرپور اہتمام کیا گیا جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر کیمپ اور سبلیں لگائی گئیں۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر عالم اسلام اور پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی وامن کے لئے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس عید میلاد اٰلنبیؐ 3 بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری، علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی و دیگر علماء کرام کی قیادت میں نشتر پارک پہنچا۔

جلسہ عید میلاد النبیؐ 5 بجے شام نشتر پارک میں منعقد ہوا۔ کراچی کے مرکزی جلوس کی اجتماع گاہ، روٹس، انٹری پوائنٹس، روف ٹاپ وگذرگاہوں پر آنیوالے دیگر مقامات پر 4860 پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کیا گیا۔مرکزی جلوس کی سیکورٹی 71 پولیس موبائلز، 58 موٹر سائیکلز، 6 پرزن وینز اور سات بکتر بند گاڑیوں پر سوار افسران و جوان بھی مجموعی ڈپلائمنٹ کا حصہ تھے جبکہ مرکزی جلوس کے مختلف پوائنٹس پر 30 ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں بھی تیار حالت میں موجود رہیں۔

متعلقہ عنوان :