میثاقِ مدینہ امن کیلئے انسانی تاریخ کی اہم ترین کاوش تھی،ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی

منگل 13 دسمبر 2016 12:08

میثاقِ مدینہ امن کیلئے انسانی تاریخ کی اہم ترین کاوش تھی،ڈاکٹر رمیش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2016ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور اقلیتی ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے میثاقِ مدینہ کوامن کیلئے کی جانے والی انسانی تاریخ کی اہم ترین کاوش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میثاقِ مدینہ کے تحت مدینہ میں بسنے والے تمام غیرمسلموں کومکمل مذہبی آزادی فراہم کی گئی تھی۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے ہر تین ماہ بعد صوبائی سطع پر بین المذاہب کانفرنس کے انعقاد کی ضرورت ہے ۔ ڈاکٹر رمیش ونکوانی کا کہنا تھا کہ میثاقِ مدینہ کے تحت مدینہ میں بسنے والے تمام غیرمسلموں کومکمل مذہبی آزادی فراہم کی گئی تھی، انہوں نے کہا کہ غیرمسلموں کے ساتھ مذہبی رواداری نے ہی د اخلی امن و سلامتی اورباہمی ترقی و خوشحالی کا رستہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا،میثاقِ مدینہ کے تحت تمام مسلم اور غیرمسلم شہریوں کیلئے ریاست کا دفاع اور مظلوم کی مدد لازم قرار دی گئی تھی، ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنی تین نکاتی تجاویز پیش کرتے ہوئے پرائمری ایجوکیشن کی سطع پر مختلف مذاہب کی مشترکہ تعلیمات کو سلیبس کا حصہ بنانیکی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے مزید کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کے مابین بلاتفریق حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرتے ہوئے تمام مذاہب کی مشترکہ اقدار پر سب کو ایک پرچم تلے جمع کیاجائے، سیاسی رواداری اور مذہبی آزادی کو یقینی بنایاجائے، سیاست کو خدمت سمجھ کراخلاقی اقدار کو مضبوط کیا جائے تاکہ معاشرے سے ظلم و ناانصافی، عدم مساوات، شراب فروشی اور ایسی ہی دیگرسماجی خرابیوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔