سعودی شہری نے دیت کی رقم ادا کر کے پاکستانی ڈرائیور کی جان بچا لی

منگل 13 دسمبر 2016 23:03

سعودی شہری نے دیت کی رقم ادا کر کے پاکستانی ڈرائیور کی جان بچا لی

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2016ء) سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں ہلاک ہونیوالے شخص کے لواحقین کو دیت کی مد میں دو لاکھ 70 ہزار ریال ادا کرکے سعودی شہری نے پاکستانی ٹرک ڈرائیور کی جان بچا لی ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق رستم خان نامی پاکستانی شہری سعودی عرب میں ٹرک ڈرائیور ہے جس کے ٹرک کے نیچے آکر ایک سعودی شہری ہلاک ہوگیا تھا ،اس کیس میں رستم کو سزائے موت سنائی گئی تاہم جاں بحق ہونیوالے شخص کے لواحقین نے راضی نامے کیلئے دیت میں 2 لاکھ 70 ہزار سعودی ریال(تقریباً 75 لاکھ 50 ہزار روپے) مانگے ۔

رستم خان اس رقم کی ادائیگی سے قاصر تھا جس پر اس نے سوشل میڈیا پر رقم کی ادائیگی کیلئے عوام سے مدد طلب کی تھی اور رقم کے بدلے اپنا گردہ تک فروخت کرنے کی بھی پیشکش کردی تھی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر رستم خان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سعودی شاعر فیض المالکی نے اعلان کیا تھا کہ وہ اور ان کا ایک ساتھی جو شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتا سزائے موت پانیوالے پاکستانی کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔

سعودی شہری نے سزائے موت پانیوالے پاکستانی کی جگہ اللہ کی رضا کیلئے 2 لاکھ 70 ہزار ریال دیت میں دیکر اس کو سر قلم ہونے سے 2 دن پہلے بچالیا جبکہ انہوں نے رستم خان کو بطور امداد 5 ہزار ریال بھی دیئے۔رقم دینے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں فریقین کو فیض المالکی سے خون بہا کی رقم وصول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔