امریکا شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کیتو بند کی تعمیر کے لئے واپڈا کو ساڑھے آٹھ ارب روپے فراہم کریگا

واپڈا اور یو ایس ایڈ نے معاہدے پر دستخط کردیئے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف، امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی تقریب میں شرکت

بدھ 14 دسمبر 2016 16:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2016ء) امریکا فاٹاکی شمالی وزیرستان ایجنسی میں کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کیتو بند کی تعمیر کے لئے واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کو ساڑھے آٹھ ارب روپے فراہم فراہم کریگا۔اس سلسلے میں امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) اور واپڈا نے بدھ کو یہاں ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے۔

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔ معاہدے سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور لاکھوں پاکستانیوں کی زندگی میں بہتری کے مشترکہ اقدامات کو تقویت ملتی ہے۔

(جاری ہے)

کیتو بند کرم تنگی ڈیم منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے۔ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی تکمیل سے سولہ ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی اور اٹھارہ میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی، جس سے ایک لاکھ پاکستانی مستفید ہوں گے۔ کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت دریائے کیتو پر بند، شیرٹالا اور اسپیراگا نہروں، دو بجلی گھروں اورایک ٹرانسمیشن لائن، تعمیراتی اور آپریشنل اسٹاف کے لئے رہائشی سہولتوں اور ڈیم کی تعمیر اور اسے چلانے کی سرگرمیوں کے لئے ایک دفتر کی تعمیر میں اعانت کے لئے واپڈا کو فنڈز منتقل کئے جائیں گے۔

امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 2009 سے اب تک امریکی حکومت نے پاکستان کے بجلی کے شعبے کو ترقی دینے کے لئے 53 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے، جس سے دو کروڑ 80 لاکھ پاکستانی مستفید ہوئے ہیں اور نیشنل گرڈ میں 2400 میگاواٹ سے زیادہ بجلی کا اضافہ ہوا ہے۔ اس مجموعے میں نئے اور بحال شدہ ڈیموں اور تھرمل بجلی گھروں سے 1013 میگاواٹ اور بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں بہتری سے حاصل ہونے والی 1447 میگاواٹ بجلی شامل ہے۔