ْ اے پی ایس سکول پشاور کے بچوں کا خون را ئیگاںنہیں جائے گا، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین

جمعرات 15 دسمبر 2016 22:42

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ اے پی ایس سکول پشاور کے بچوں کا خون را ئیگاںنہیں جائے گا-ان معصوم شہدا ء کی قربانیوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو متحدکیا -انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے 16دسمبر ہماری تاریخ میں سیاہ دن ہی- ایک طرف 1971کو اسی دن پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوا اور دوسری طرف معصوم بچوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی -انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر پنجاب حکومت پوری طرح عملدرآمد کر رہی ہی- وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں کاؤئنٹر ٹیررازم فورس کا قیام،کرایہ داری ایکٹ،لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال ، اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی اور انتہا پسند لڑیچر کی اشاعت کے خلا ف کریک ڈاؤن کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 15 ہزار سے زائد مدرسوں کی جیو ٹیگنگ کر کے ہم نے دہشت گردوں کو سخت پیغام دیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اپنے حلقہ پی پی 139 کی تمام یونین کونسلز کے چیئر مین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت ہے ہمیں بحیثیت قوم اپنے انفرادی اور اجتماعی رویوں میں تبدیلی لا کر اپنی سمت درست کرنا ہو گی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور نے پوری قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس میں پچاس ہزار سے زائد انسانی جانوں نے قربانی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔ اجلاس میں اے پی ایس سکول کے شہید بچوں کے بلند درجات کے لئے دعا کی گئی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمت کو ایک مشن سمجھ کر سیاست کی جائے ۔

انہوں نے تمام یونین کونسلز میں بلدیاتی نمائندوں کو دئیے گئے اختیارات کا جائزہ لیا ۔ اجلاس میں تمام یونین کونسلز میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بلال یاسین نے متعلقہ محکموں کے افسران اور ٹی ایم اوز کو ہدایت کی کہ عوام کے مسائل فی الفور حل کئے جائیں ۔ اجلاس میں حلقہ کے تمام یونین کونسلز کے چیئر مین ، واسا ، واپڈا ، سوئی گیس اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔