کمشنر سکھر کی زیر صدارت قانون نافذکرنیوالے اداروں کا اجلاس، چینی انجینئرزکی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

جمعہ 16 دسمبر 2016 00:02

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2016ء) سی پیک اور کراچی۔لاہور موٹر وے کی تعمیر پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کی سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں کمشنر ہائوس کے کانفرنس ہال میں کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق اجلاس میں ڈی آئی جی پولیس سکھر فیروزشاہ، رینجرز ونگ کمانڈر کرنل امتیاز، پاک آرمی کے کرنل شجاعت، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں اورنینشنل ہائی وے کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چینی انجینئرز کی سکیورٹی انتظامات اور سیکورٹی پلان پر نظرثانی کرتے ہوئے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کی مشترکہ حکمت عملی ے تحت سکیورٹی پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی چینی انجینئر کی ٹیم یا گاڑی سکیورٹی اسکواڈ کے بغیر کیمپ سے باہر سفر نہیں کریگی اور پیشگی اطلاع ضرور دی جائیگی، جبکہ کیمپ کے اندر مقرر وقت پر پہنچے گی۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی پیک اور موٹروے پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کے استعمال کیلئے ہائی ایس وین کی جگہ ڈبل کیبن گاڑیاں استعمال کی جائینگی جن میں جیمرز بھی لگائے جائیں ، ڈی آئی جی سکھر نے بتایا کہ جیمرز کیلئے ہوم ڈپارٹمنٹ اور وفاقی حکومت کو بھی لکھا گیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مشترکہ ایس او پی پر کام کرینگے اور ڈرائیور کو بھی ایس او پی کا حصہ بنایا جائیگا۔

کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے اس موقع پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ اپنے علاقوں میں چلنے والے اسٹون کریشنگ پلانٹس، ایکسپلوزو اسٹاک والے ڈیلرز اور سیلرز کا رکارڈ اور اعداد و شمار کا تفصیل حاصل کرینگے، آئیندہ ہفتے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کی مدد سے غیرقانونی کریشنگ پلانٹس کے خلاف آپریشن اور کریک ڈائون کیا جائیگا۔

جبکہ کریشنگ پلانٹس اور فیکٹریوں میں کام کرنے والے لوگوں کی سکیورٹی کلیئرنس بھی لی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شاپس اینڈ سکیورٹی آرڈیننس کے تحت ہر پیٹرول پمپ مالک اور شاپنگ سینٹرز کو سی سی ٹی وی کیمرائیں لگانی ہیں، اس لئے تمام پیٹرول پمپس اور سینٹرز پر کیمرے لگائے جائیں، بصورت دیگر خلاف کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائیگا۔

کمشنر سکھر نے مزید کہا کہ موٹروے کی سائیٹس کے بلکل نزدیک چلنے والے اسٹون کریشنگ پلانٹس کے لائسنس کینسل کرنے کیلئے اعلیٰ حکام کو لکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں فارین سیل کو بھی فعال بنایا جائے اور تمام متعلقہ افسران آپس میں رابطے کو مضبوط بنائیں تاکہ چینی انجینئرز کی سکیورٹی یقینی بنائی جاسکے کیونکہ سی پیک ایک قومی کاز ہے، جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ اجلاس کے دوراں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ کی دوسرے ہفتے میں طلب کیا جائیگا۔