سلمان احمد کی نئی میوزک ویڈیو سے شائقین مایوس

ویڈیو میں ماڈل رابعہ بٹ، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی موجود ہیں ریلیز سے قبل ہی وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو میں موجودگی کے کافی چرچے تھے گانے’’دور‘‘ کی شاعری اور سلمان احمد کی آواز نے وہ جادو نہیں دکھایا، جس کی شائقین توقع کر رہے تھے

جمعہ 16 دسمبر 2016 12:08

سلمان احمد کی نئی میوزک ویڈیو سے شائقین مایوس
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) گلوگار اور گٹارسٹ سلمان احمد کی نئی میوزک ویڈیو نے شائقین کو قدرے مایوس کیا۔جنون گروپ سے تعلق رکھنے والے سلمان نے حال ہی میں اپنی میوزک ویڈیو ’’دور‘‘ ریلیز کی، جس میں ماڈل رابعہ بٹ، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم بھی موجود ہیں۔ریلیز سے قبل ہی وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کی ویڈیو میں موجودگی کے کافی چرچے تھے، لیکن گانے’’دور‘‘ کی شاعری اور سلمان احمد کی آواز نے وہ جادو نہیں دکھایا، جس کی شائقین توقع کر رہے تھے۔

’’دور‘‘ کی ویڈیو کے آغاز میں رابعہ بٹ، وسیم اکرم اور ایک چھوٹی بچی نظر آتی ہے، جو سب اپنے اپنے خیالات میں کھوئے ہوئے ہوتے ہیں، اس موقع پر وسیم اور بچی اپنے پیاروں کے ساتھ گزرے ہوئے اچھے وقت کو یاد کرتے ہیں، جبکہ خاتون اپنے غم پر قابو پانے کی کوشش کرتی نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)

ویڈیو کے آخری لمحات میں 3 کرداروں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی، ایک طرف رابعہ بٹ کو دکھایا جاتا ہے جو گھریلو تشدد کا شکار ہیں، دوسری جانب ایک بچی کو دکھایا جاتا ہے جو اس گھریلو تشدد کی عینی گواہ ہے جبکہ شنیرا، وسیم کے ساتھ اپنا تعلق ختم کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

اگرچہ ویڈیو میں وسیم اور شنیرا کی جوڑی اچھی لگ رہی تھی، تاہم ایسا معلوم ہوا کہ ان کے سین زبردستی شامل کیے گئے جبکہ وسیم اکرم کے مناظر بالکل کسی لگژری کار کے کمرشل کی طرح لگ رہے تھے۔سلمان احمد کے وارڈروب نے بھی کچھ زیادہ متاثر نہیں کیا۔یہی وجہ ہے کہ ’’جنون‘‘ کے فینز نے اس میوزک ویڈیو کے حوالے سے فیس بک پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

کچھ لوگ’’جنون‘‘ بینڈ کی ری یونین کے منتظر نظر آئے، کسی نے کہا کہ اس گانے کی شاعری اور میوزک بہت عام سا ہے اور اس میں 'جنون' والی بات نظر نہیں آتی تو کسی کو یہ گانا بہت امیچور لگا اور کسی کو کہانی بالکل بھی سمجھ نہیں آئی۔کچھ لوگوں نے سلمان احمد کی آواز پر بھی تنقید کی اور کہا کہ سلمان احمد ایک اچھے گٹارسٹ تو ہیں، لیکن انھیں گانا نہیں آتا۔تاہم کچھ لوگ ایسے بھی تھے، جنھیں سلمان احمد کی یہ میوزک ویڈیو پسند آئی اور انھوں نے اسے شاندار قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :