ایران پر پابندیاں: اوباما نے بل پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا

اوبا ما انتظامیہ نے بل پر ستخط نہ کرکے واضح کردیا کہ ایران پر پابندیوں کو بڑھانا غیر ضروری عمل ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس

جمعہ 16 دسمبر 2016 13:07

ایران پر پابندیاں: اوباما نے بل پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے ایران پر پابندیوں کی تجدید کے بل پر دستخط کرنے سے انکار کردیا، تاہم ان کے دستخط کے بغیر بھی یہ بل قانون بن جائے گا۔اس بل کے تحت ایران پر عائد پابندیوں میں مزید 10 برس کا اضافہ کیا گیا ہے۔امریکی صدر کے پاس اس بل پر دستخط کرکے قانون کا حصہ بنانے یا پھر اسے ویٹو کرنے کے اختیارات تھے، مگر براک اوباما نے کسی بھی کارروائی سے گریز کیا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ کے مطابق 'اوباما انتظامیہ نے بل پر ستخط نہ کرکے یہ واضح کردیا ہے کہ ایران پر پابندیوں کو بڑھانا غیر ضروری عمل ہے اور امریکی صدر کی جانب سے دستخط نہ کرنا ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے (جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن یعنی جے سی پی او ای) کے وعدوں کے عین مطابق ہی'۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق صدر کے دستخط کے بغیر بھی یہ بل قانون بن چکاہے، جس کے تحت ایران پر عائد پابندیوں میں طویل مدت تک اضافہ کیا گیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس سے قبل یہی کہا گیا تھا کہ صدر اوباما بل پر دستخط کردیں گے مگر ڈیڈ لائن تک اوباما نے اس پر دستخط نہیں کیے اور بل ان کے دستخط کے بغیر واپس چلا گیا۔خیال رہے کہ جوہری پروگرام کے معاملے پر ایران کا عالمی طاقتوں کے ساتھ کیے جانے والا معاہدہ جوائنٹ کمپری ہینسو پلان آف ایکشن (جے سی پی او ای) گزشتہ برس اکتوبر سے نافذ العمل ہے۔اس معاہدے کے تحت ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو بند کرنے کے بدلے امریکا اور یورپی یونین سمیت دیگر عالمی طاقتوں نے ایران پر عائد پابندیوں کو ہٹانے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔