مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے لاہور کی425سرکاری ٹیوب ویلزکے صاف پانی کے پائپوں میں سنکھیاکی خطرناک مقدار آنے کے انکشاف پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی

ہفتہ 17 دسمبر 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے صوبائی دارلحکومت کی425سرکاری ٹیوب ویلزکے صاف پانی کے پائپوں میں سنکھیا(زہر) کی خطرناک مقدار آنے کے انکشاف پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار جمع کروانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پینے کے سرکاری پانی میں سنکھیا کی خطرناک مقدار سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور اس پانی کے پینے کی وجہ سے خطرناک حد تک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ محکمہ واسا کو پینے کے پانی میں آلودگی کی شکایات پنجاب حکومت نے نوٹس لیا تو معلوم ہوا کہ لاہور شہر کی425ایسے ٹیوب ویلز ہیں جن میں آرسینک ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے طے شدہ معیار سے زیادہ ہے جو انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ عوام کو میٹروبس ،میٹرو ٹرین اور پلوں کی تعمیر سے زیادہ اہم پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی ضرورت ہے اس لیے پنجاب حکومت لاہور کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور پرانی اور زنگ آلود پانی کی پائپ لائنوں کو ترجیح بنیادوں پر تبدیل کرے اور پانی کی پائپ لائنوں کو گندے پانی کے گٹروں سے دور رکھنے کے مناسب انتظامات کیے جائیںانہوںنے کہا کہ مشاہدہ میں یہ بات آئی ہے کہ گندے پانی کے گٹروں میں سیوریج کے پائپ گذر رہے ہوتے ہیں جو زنگ لگنے سے لیک ہوجاتے ہیں اور پھر ان میں سیوریج کا گندا پانی داخل ہونے کا خدشہ رہتا ہے اس لیے گٹروںاور ان کے قریب سے گذرنے والی پائپ لائنوں کا بھی سروے کیا جائے تاکہ عوام کو صحت مند اور صاف پانی کی فراہمی یقینی ہوسکے۔