امریکہ نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت بڑھا کر 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کر دی

البغدادی امن کیلئے خطرے کا باعث ہے ،انعامی رقم کسی بھی اس شخص کو دی جا سکتی ہے جو شدت پسند رہنما کے ٹھکانے بارے اطلاع دے جس سے اٴْس کی گرفتاری عمل میں آسکے یا کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے،امریکی محکمہ خارجہ

ہفتہ 17 دسمبر 2016 21:41

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2016ء) امریکہ نے شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے سر کی قیمت بڑھا کر2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کر دی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے بارے میں اطلاع دینے والے کیلئے انعامی رقم میں 1کروڑ ڈالرز کا اضافہ کرتے ہوئے انعامی رقم 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز کر دی ہے، انعام میں اضافے کا اعلان امریکی وزارت خارجہ کے شعبے انعام برائے انصاف پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اامریکی محکمہ خارجہ کے ریوارڈ فور جسٹس پروگرام نے انعام کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ البغدادی امن کیلئے خطرے کا باعث ہے ، مشرق وسطیٰ میں ہزاروں شہریوں کی ہلاکت کی ذمہ دار ابو بکر البغدادی کے زیر قیادت داعش ہے جس میں جاپان، برطانیہ اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے متعدد سولین یرغمالیوں کا وحشیانہ قتل بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ داعش نے اپنی خودساختہ خلافت کی حدود سے باہر بھی براہ راست دہشت گرد حملے کئے ہیں یا اس کا حکم دیا ہے۔محکمہ خارجہ نے کہا کہ انعامی رقم کسی بھی اس شخص کو دی جا سکتی ہے جو شدت پسند رہنما کے ٹھکانے کے بارے میں اطلاع دے، جس سے اٴْس کی گرفتاری عمل میں آسکے اور اٴْسے کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔