ْدیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلہ میں وزیراعظم کی طرف سے مالی پلان کی منظوری کا خیر مقدم

ہفتہ 17 دسمبر 2016 23:12

فیصل آباد ۔17 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2016ء) آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین رانا اخلاق احمد اور سابق وائس چیئر مین چوہدری محمد نواز نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے سلسلہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے مالی پلان کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے موجودہ حکومت کی طرف سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے اور سستی بجلی کی فراہمی کی سمت اہم ترین قدم قرار دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ملک کے اس اہم ترین ڈیم کیلئے ضروری فنڈز مختص کرنے کی ہدایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نئے ڈیموں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جن سے نہ صرف ملک کو وافر مقدار میں بجلی ملے گی بلکہ ملک کے اس پسماندہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا بھی آغاز ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 14 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس ڈیم کے ذریعہ 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کے علاوہ ساڑھے چار ہزار میگا واٹ سستی بجلی بھی پید اکی جا سکے گی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح پالیسی کے تحت ملک میں مہنگی بجلی کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے تاکہ ملک میں بتدریج سستی بجلی کی پیداوار بڑھا کے بجلی کی قیمت میں کمی کی جا سکے ۔انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت 2017 کے آخر تک اس ڈیم پر کام شروع کرنے جا رہی ہے تاہم اس سلسلہ میں مالی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اندرونی و بیرونی وسائل کو بروئے کار لانا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی موجودہ مالیاتی صورتحال میں اتنے بڑے منصوبے کو صرف اپنے وسائل سے پورا کرنا بظاہر ممکن نہیں ۔

متعلقہ عنوان :