گریٹراقبال پارک کی افتتاحی تقریب کی جھلکیاں

ہفتہ 17 دسمبر 2016 23:16

گریٹراقبال پارک کی افتتاحی تقریب کی جھلکیاں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2016ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف آج1186ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے گریٹر اقبال پارک کے عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا-وزیر اعظم محمد نواز شریف منصوبے کے افتتاح کیلئے آئے تو وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا-وزیر اعظم نے گریٹر اقبال پارک کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعلی شہباز شریف کو خصوصی مبارکباد دی-وزیر اعظم اور وزیر اعلی نے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا اور اس عظیم الشان پارک کو پاکستان کیلئے ایک شاندار تحفہ قرار دیا -دونوں رہنما گولف کارٹ میں سوار تھے جسے ڈی جی پی ایچ اے ڈرائیو کر رہے تھی- وزیر اعلی نے جناح کیپ پہن رکھی تھی- گریٹر اقبال پارک پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے میاں شکیل نے منصوبے کے خدوخال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہاں عالمی معیار کی فوڈ کورٹس بنائی گئی ہیں ، پاکستان کا پہلا ڈانسنگ فونٹین بھی موجود ہے ، بھگی رائیڈنگ، چلڈرن پلے ایریا، سافٹ ویل ٹرین اور گولف کارٹ رائیڈ کی سہولتیں موجود ہیں -کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر مربوط انداز سے کام کیا گیا ہے اور اس منصوبے کو 13 ماہ میںمکمل کیا گیا ہے - آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوںنے کلام اقبال ’’خودی کا سرنہاں… لاالہ الا اللہ ‘‘ انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کیاجس کی حاضرین نے دل کھول کرداد دی-’’دل دل پاکستان ‘‘کے ملی نغمے کی دھن اور لاج میری پت رکھیو بلا ‘‘ کے ثقافتی گیت کی دھنوں پر میوزیکل فونٹین شو پیش کیا گیاجسے حاضرین نے بے حد پسند کیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے اپنے خطاب میں گریٹر اقبال پارک کے عظیم الشان منصوبے میں دی جانے والی سیاحتی سہولتوں کا تذکرہ کیا اور منصوبے کے افتتاح کیلئے وقت نکالنے پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا-وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں گریٹر اقبال پارک کے منصوبے کو وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کا عکاس قرار دیا-وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب میں گریٹر اقبال پارک کے عظیم الشان منصوبے کی تکمیل پر وزیر اعلی شہباز شریف ،پنجاب حکومت اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی- وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد نے وزیراعظم نواز شریف کو گریٹر اقبال پارک کا سوینئر پیش کیاجبکہ وزیراعظم اور وائس چیئرمین پی ایچ اے نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو سوینئر دیا-