وزیر داخلہ کا کالعدم تنظیموں کے بارے میں نرم گوشہ نیشنل سکیورٹی کے لیے خطرہ بن چکا ہے ‘ مخدوم احمد محمود

حکمران ملک و قوم کا سرمایہ اور وقت نمائشی منصوبوں پر خرچ کر رہے ہیں، زرداری کی پاکستان واپسی سے ملک کی سیاست نیا رخ اختیار کریگی

منگل 20 دسمبر 2016 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 دسمبر2016ء) سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے لیے رابطے جاری ہیں وزیر داخلہ کا کالعدم تنظیموں کے بارے میں نرم گوشہ نیشنل سکیورٹی کے لیے خطرہ بن چکا ہے، سانحہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ کے بعد چوہدری نثار کے وزیر داخلہ رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا،کرپٹ حکمرانوں کا احتساب نہ ہوا تو قوم کا عدلیہ، سیاست اور جمہوریت پر ااعتماد ختم ہو جائے گا ۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میدیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہی ۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک و قوم کا سرمایہ اور وقت نمائشی منصوبوں پر ضائع کر رہی ہے ان منصوبوں میں ناکامی کے باوجود حکومت کو غلطی دہرانے کی عادت پڑچکی ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتیں عوام کی جان ظالم حکمرانوں سے چھڑانے میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی پاکستان واپسی سے ملک کی سیاست نیا رخ اختیار کر جائے گی۔ ملک بھر کے سیاسی قائدین جانتے ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔ یہ ان کا اپنا ملک ہے جہاںجمہوری سسٹم کو ان کی ضرورت ہے اور ان کی سیاست پاکستان کے بہتر مفاد میں ہے۔ کیونکہ پیپلزپارٹی ایک ترقی پسند سیکولر جماعت ہے اور یہی وجہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پارٹی کو دوبارہ بنیادی منشور روٹی کپڑا مکان کی طرف لا رہے ہیں پاکستان میں جب تک غربت بھوک موجود ہے بھٹو ازم بھی موجود رہے گا۔