بلوچستان ہائیکورٹ میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت ، عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کا وکالت نامہ واپس کردیا،کیس کی سماعت 20 مارچ تک ملتوی

بدھ 21 دسمبر 2016 16:01

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) بلوچستان ہائیکورٹ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کے وکیل کا وکالت نامہ واپس کردیا۔ بدھ کو کیس کی سماعت جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ظہیر الدین کاکڑ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ، نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت اور آفتاب شیرپاؤ کے وکیل ذیشان چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے وکیل اختر شاہ سے استفسار کیا پرویز مشرف عدالت میں کیوں پیش نہیں ہو رہے۔ اختر شاہ نے کہا کہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، پرویز مشرف کی طبیعت بہتر ہورہی ہے، سیکورٹی کے کچھ مسائل کا سامنا ہے، انہیں جلد عدالت میں پیش کرینگے۔عدالت نے کہا کہ اگر مشرف کو واپس نہیں لاسکتے تو آپ صرف نمائندے کی حیثیت رکھتے ہیں وکالت نہیں کرسکتے۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 20 مارچ 2017 تک ملتوی کردی گئی۔