حامد سعید کاظمی اپیل کیس،سپریم کورٹ نے ایف آئی اے اور جیل حکام کو نوٹسز جاری کر دیئے

بدھ 21 دسمبر 2016 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی کی اپیل پر کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔ سپریم کورٹ نے اپیل پر ایف آئی اے اور جیل حکام کو نوٹسسز جاری کر دیئے ہیں اور جیل حکام سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

حامد سعید کاظمی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ حامد سعید کاظمی پر کرپشن کا نہیں اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزامات ہیں ۔

جسٹس دوست محمد خان نے لطیف کھوسہ سے استفسار کیا کہ حامد سعید کاظمی پر کتنی رقم کی بے ضابطگی کا الزام ہے ۔ جس پر لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ ان پر 14 کروڑ کا الزام ہے ۔ جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ 14 کروڑ روپے تو پاکستان میں کچھ بھی نہیں ہیں ۔ لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ حامد سعید کاظمی چھ سال سزا میں سے تین سال آٹھ ماہ کاٹ چکے ہیں ۔ عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں تک کے لئے ملتوی کر دی ۔