سال2017پرانے راز فاش ہونے کا سال ہوگا، قائداعظم، لیاقت علی خان اور دیگر کے ساتھ کیا ہوا وہ سب راز فاش ہوں، منظوروسان

مڈل ایسٹ میں بادشاہتیںختم ہورہی ہیںاور یہاں پر قائم کی جارہی ہیں پر ان کا حشر بھی مڈل ایسٹ کے بادشاہوں کی طرح ہی ہوگا، وزیرصنعت وتجارت سندھ

بدھ 21 دسمبر 2016 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2016ء) سندھ وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ2017پرانے راز فاش ہونے کا سال ہوگا، قائداعظم، لیاقت علی خان، ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اور دیگر کے ساتھ کیا ہوا وہ سب راز فاش ہوں، پیپلزپارٹی کی تحریک جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے نہیں بلکہ بلاول بھٹو کے چار مطالبات کی منظوری کیلئے ہے، مڈل ایسٹ میں بادشاہتیںختم ہورہی ہیںاور یہاں پر قائم کی جارہی ہیں پر ان کا حشر بھی مڈل ایسٹ کے بادشاہوں کی طرح ہی ہوگا،چوہدری نثار اسٹیبلشمنٹ کے قریب ہیں شاید انہیں ملک میں سیاسی انتشار پھیلانے کا ٹاسک ملاہواہے، تحریک انصاف کو پیپلزپارٹی کی تحریک میں شامل ہونا ہوگا اور سیاسی یتیموں اور ہمیشہ بیک ڈور سے اقتدار میں آنے والوں کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے 9 صنعتی زونز کی تقریباً 16 ہزار ایکڑ زمین ہے جس میں 1100 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے وہاں سے قبضہ خالی کرانے کے لیے پولیس اور رینجرز سے مدد لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ سیکرٹریٹ میں میڈیا سے بات چیت اور سائیٹ ایسوسی ایشن کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منظور حسین وسان نے کہا کہ ن لیگ نوے کی دہائی کی سیاست کو دوہرائے گی، تو پھر کسی کو کچھ نہیں ملے گا۔

نواز شریف سمجھدار ہیں ان کو سمجھنا چاہیے دوسروں کے باتوں میں آنے سے نقصان میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ2017پرانے راز فاش ہونے کا سال ہوگا، قائداعظم، لیاقت علی خان، ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو اور دیگر کے ساتھ کیا ہوا وہ سب راز فاش ہوںنگے جب معلومات اکٹھے ہوجائیں گی تب لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ سیاستدانوں کے بعد اب تو جنرلز نے بھی عدلیہ پر انگلیاں اٹھانا شروع کردی ہیں ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ زمینوں پر سیاسی اور دیگر لوگوں کے قبضے ہیں اور جہاں جہاں قبضے ہیں وہاں اگر کوئی افسر یا ملازم بھی ملوث ہوگا تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سائیٹ لمیٹڈ اللہ کے رحم و کرم پر چل رہا ہے ہر ماہ محکمہ کے متعلق رپورٹ مجھے پیش کی جائے گی۔ منظور وسان نے کہا کہ نوری آباد کے ڈپٹی چیف انجینئر عبدالوحید شیخ، سائٹ سپر ہائی وے کے بدرالدین ہیسبانی اور اسسٹنٹ انجینئر کوٹڑی آغا عبدالمنیم کو اجلاس میں نہ پہچنے پر شوکاز نوٹس جاری کروادیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاری منصوبے 40 فیصد مکمل ہیں 60 فیصد کے لیے رقم کی ضرورت ہے جس کے لیے وزیراعلی سندھ سے سفارش کریں گے۔ سندھ کے صنعتی زونز میں جہاں ترقیاتی کام جاری ہیں وہ جون تک مکمل کئے جائیں گے۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ کراچی کے سپر ہائی وے، حیدرآباد، کوٹڑی اور سکھر میں جاری ترقیاتی کام مکمل ہونے کے بعد وزیراعلی سندھ سے جولائی کے پہلے ہفتے میں افتتاح کروایا جائیگا صنعتی علاقوں میں پہلے سڑکیں، نالے اور اور دیگر ترقیاتی کام کروائے جائیں گے محکمہ کو اپنے پائوں پر واپس لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے پانچ سو ایکڑ صنعتی زون کا افتتاح بلاول بھٹو زرداری سے کروائیں گے ہماری اور قیادت کی ترجیع ہے کہ ڈولپمینٹ کی طرف توجہ دی جائے اور پنجاب کی صنعتی زون کی طرح سندھ کے صنعتی زون بھی بنائیں گے۔اجلاس میں صنعت و تجارت کے سیکریٹری عبدالرحیم سومرو،ایم ڈی سائیٹ،چیف انجینئر شمس سہتو اور دیگر اضلاع سے آئے افسران شریک تھے۔