سپریم کورٹ نے حامد سعید کاظمی کی سزا کیخلاف دائر اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی

بدھ 21 دسمبر 2016 22:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیر مذہبی امور سید حامد سعید کاظمی کی سزا کیخلاف دائر اپیل باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیل حکام سے بھی ریکارڈ طلب کرلیا۔ بدھ کوجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر حامد سعید کاظمی کے وکیل لطیف کھوسہ نے پیش ہوکر عدالت کو بتایا کہ کیس کے شریک ملزمان سابق سیکرٹری آفتاب الاسلام اور ڈی جی رائو شکیل کی سزا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کردی ہے جبکہ میرے موکل کو چھ سال قید کی سزا ہوئی جن میں سے وہ تین سال آٹھ مہینے کی سزا کاٹ چکے ہیں۔ اس کیس میں ملزمان پر مجموعی طور پر 14 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے لیکن میرے موکل پر کرپشن کا نہیں بلکہ اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے اسلئے استدعاہے کہ ان کی سزاکیخلاف دائردرخواست کوسماعت کیلئے منظور اورسزاکومعطل کیاجائے جس پر جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ پاکستان میں کروڑ روپے کی کرپشن تو کچھ بھی نہیں۔

(جاری ہے)

یہاں تواربوں کے کیس سامنے آرہے ہیں۔ جسٹس اعجاز افضل خان نے فاضل وکیل سے کہا کہ باقی دو ملزمان کی سزا معطل ہونے کی بنیاد پر عدالت فریقین کو جواب دینے کیلئے نوٹس جاری کرتی ہے جس کی روشنی میں عدالت آگے بڑھے گی۔