مسیحی برادری پاکستان کا قابل فخر طبقہ ہے ، مسیحی بھائیوں کے حقوق کا تحفظ مسلم لیگ حکومت کی اولین ترجیح ہے،حمزہ شہباز کا کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب

بدھ 21 دسمبر 2016 23:42

لاہور۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسیحی برادری پاکستان کا قابل فخر طبقہ ہے اور تمام مسیحیوں کو اتنے ہی حقوق حاصل ہیں جتنے کسی اور پاکستانی کو میسر ہیں ۔یہ بات اُنہوں نے الحمراء ہال میں جشن ولادت المسیح کے سلسلے میں کرسمس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

حمز ہ شہبازنے کہا کہ مسیحی بھائیوں کے حقوق کا تحفظ مسلم لیگ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جوزف کالونی میں آگ لگی تھی اور عورتوں کے جہیز تک جل گئے تھے تو شہبازاس وقت تک جوزف کالونی سے نہیں اُٹھے تھے جب تک اُنہوں نے تمام لوگوں کونئے گھر اور جہیز نہیں بنوا دئیے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمز ہ شہباز نے کہا کہ مسیحی بلدیاتی ممبران سے میں جلد ملاقات کروں گا اور اِن کی آبادیوں کی ڈویلپمنٹ پر جلد کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ یہ ملک ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک پر دن رات کام ہو رہا ہے جلد ہی اس ملک کو لوڈ شیڈنگ سے بھی نجات مل جائے گی ۔ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے اور ہم ترقی کا سفر طے کرتے رہیں گے۔ اُنہوں نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ اس ملک پر رحم کریں اور آنے والی نسلوں کے لیے ہونے والے کاموں رکاوٹ نہ ڈالیں۔سازش سے نہیں بلکہ محنت اور خدمت سے ہی اس ملک کا وزیر اعظم بنا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر ، ایم پی اے میری گل اور مسیحی برادری کے معززین بھی شامل تھے آخر میں اُنہوں نے ایک بار پھر مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔