حکومت پنجاب کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے معیشت میں بہتری آئی ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ‘ ملک رفیق رجوانہ

حکومت کو ٹیکسٹائل صنعت کی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے ،مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی پر کام جاری ہے‘ ساہیوال چیمبر کے وفد سے گفتگو

بدھ 21 دسمبر 2016 23:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے معیشت میں بہتری آئی ہے اورغیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 18 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں صدر ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری محمد عامر صدیقی، ساہیوال چیمبر آف کامرس کے ممبر محمد وحید اور دیگر عہدیدار ن شامل تھے۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعت کارملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور موجودہ حکومت کاروباری حضرات کو ہر ممکن تعاون فراہم کررہی ہے تاکہ ملکی اکانومی مضبوط ہو اور نوجوان نسل کے لئے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر ہو سکیں۔

(جاری ہے)

گورنرنے کہاکہ حکومت کو ٹیکسٹائل صنعت کی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے موثر حکمت عملی پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ آج انڈسٹریز کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے اور اس کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لئے ملک بھر میں انرجی کے منصوبوں پر دن رات کام ہورہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ صنعت کے شعبے میں بین الاقوامی مسابقت کا مقابلہ کرنے کے لیے انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت ملک میں روزگار فراہم کرنے کا بہت بڑا ذریعہ ہے ،ان حالات میں صنعتیں چلانے والے ملک و قوم کی بڑی خدمت کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے حکومت تجارت سے وابستہ افراد کو سازگار ماحول مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ نے موجودہ حکومت کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کو دور کرنے کے حوالے سے کوششوں کو سراہا۔