مشرقی سرحدوں پر درپیش خطرات ہوں یا دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات میں ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنا کردار ادا کرتی ہے

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کا سرگودھا 47 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ ہماری مشرقی سرحدوں پر درپیش خطرات ہوں یا دہشت گردی کے خلاف آپریشنز، پاک فضائیہ ہر قسم کے خطرات میں ہمیشہ ہراول دستے کے طور پر اپنا کردار اد ا کرتی ہے۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ نے سرگودھا میں واقع کمبیٹ کمانڈرز سکول کی47ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ائیر چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وطن عزیز کی خود مختاری کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے اور مجھے قوی امید ہے کہ کمبیٹ کمانڈر سکول نے اس اہم ذمہ داری کو بخوبی سر انجام دینے کیلئے آپکی پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی شعور میں اضافہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رکھیں کہ یہ کورس آپ کی بنیادی صلاحیتوں میں مثبت نکھار پیدا کرے گا جس سے پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتیوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہاکہ آپ مسلسل جدوجہد کے ذریعے نوجوان فائٹر پائلٹس اور کنٹرولرزکی بہترین انداز میںتربیت کریں۔ انہوں نے ائیر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف کمیبیٹ کمانڈرز سکول کی استعداد کو بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا بلکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے میں بھی بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس موقع پر گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

بہترین کمبیٹ کمانڈرکی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر طارق وحید نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈرعمران خان نے حاصل کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :