پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی ملالہ یوسفزئی سے ملاقا ت

پشاور زلمی کی شرٹ اور جیکٹ تحفتاً پیش کی،ہمیں ملالہ پر فخر ہے اور دنیا بھر میں خواتین کی تعلیم کی ان کے عزم کو سراہتے ہیں، جاوید آفریدی

جمعہ 23 دسمبر 2016 17:01

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 دسمبر2016ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی سے ملاقات کر کے انہیں پشاور زلمی کی شرٹ پیش کی۔ جاوید آفریدی نے لندن میں ملالہ اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انہیں پشاور زلمی کی شرٹ، بیگ اور جیکٹ تحفتاً پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ملالہ پر فخر ہے اور دنیا بھر میں خواتین کی تعلیم کی ان کے عزم کو سراہتے ہیں۔

خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے کمسن نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو خواتین کی تعلیم کے حق میں آواز اٹھائی تھی اور طالبان کے خلاف ڈٹ گئیں تھیں جس پر سوات کے علاقے میں انہیں طالبان نے جان سے مارنے کی کوشش بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

2013 میں ان کی کتاب 'آئی ایم ملالہ' بھی شائع ہوئی تھی جس کی دنیا بھر میں 18 لاکھ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔

جاوید آفریدی نے لندن میں پشاور زلمی کے فینز کے ساتھ ساتھ آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچے احمد نواز سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔انہوں نے لندن میں پشاور زلمی کے مداحوں سے بھی ملاقات کی اور عم ظاہر کیا کہ وہ دنیا بھر میں موجود زلمی کے شائقین تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ شاہد آفریدی کی زیر قیادت پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا لیکن پہلے پلے آف میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ زلمی کے ہاتھوں شکست کے سبب وہ ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔