آل لسبیلہ کراچی مرحوم جام یوسف عالیانی یاگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں موسیٰ لاشاری فٹبال کلب اور نیشنل شاہین کی کامیابی

جمعہ 23 دسمبر 2016 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2016ء) آل لسبیلہ کراچی مرحوم جام یوسف عالیانی یاگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں ڈسٹرکٹ سائوتھ کی موسی لاشاری فٹبال کلب نے موٹک کلب بھوانی کو باآسانی 8-0سے آئوٹ کلاس کرکے اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کی نیشنل شاہین نے اظہر برادرز کو ایک سخت مقابلے کے بعد 2-1سے شکست دیکر فائنل میں اپنی سیٹ کنفرم کرالی۔

ینگ بلوچ فٹبال کلب حب کے زیراہتمام جام میر غلام قادر فٹبال اسٹیڈیم حب میں جاری ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سائوتھ کی موسی لاشاری نے موٹک کلب کو8-0 سے ٹھکانے لگاکر فائنل میں کھیلنے کااعزاز حاصل کرلیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے زین لاشاری اور محمد نے دو ،دو گول بنائے، شاکر لاشاری، محمد عمر، اظہر اور رضا نے ایک ایک گول اسکور کئے۔

(جاری ہے)

دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ کی نیشنل شاہین نے اظہر برادرز کو ایک سخت مقابلے کے بعد2-1 سے قابو کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے عمیر اور نور مینگل نے ایک ایک گول اسکور کئے ۔ پہلے سیمی فائنل میں ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر برک پاکستان لسبیلہ سیف مینگل مہمان خصوصی تھے،جن کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ ان کے ساتھ سیکریٹری ڈی ایف اے لسبیلہ خدا بخش بلوچ، اسد اللہ مینگل، حمید بلوچ، سعید رونجھو، دل پل بلوچ، منظور بلوچ، محمد حسین، بابا خیر محمد بلوچ، ولی محمد، ودیگر موجود تھے۔ ریفری سلیم فیض، زاہد، دل مراد، میچ کمشنر منظور بلوچ تھے۔ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل اتوار25 دسمبر کو سہ پہر تین بجے موسی لاشاری فٹبال کلب اور نیشنل شاہین کے مابین کھیلا جائے گا۔ جس کے مہمان خصوصی جام کمال عالیانی اسٹیٹ منسٹر پیٹڑولیم و قدرتی وسائل ہونگے جو انعامات تقسیم کریں گے۔