کرسمس کے موقع پر عیدین کی طرح سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں ‘ڈی جی جنگلی حیات

سکیورٹی کیمروں کے ذریعے ہمہ وقت مانیٹرنگ کی جائے ، سیاحوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے،25 دسمبر مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں کیلئے یکساں اہمیت اور دوہری خوشی کا دن ہے، عید کے موقع پر ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی طرح مسیحی ملازمین کو بھی خصوصی اعزازیہ دیا جائیگا‘ڈی جی جنگلی حیات کا کرسمس کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات بارے چڑیا گھر کا دورہ، مسیحی برادری کے ساتھ کیک بھی کاٹا

ہفتہ 24 دسمبر 2016 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد عیاض خان نے لاہور چڑیا گھر کی انتظامیہ کو کرسمس پر سیاحوں کی سکیورٹی یقینی بنانے اور عیدین کے مواقع پر سکیورٹی انتظامات بارے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق انتظامات کرنے اور تمام سکیورٹی کیمروں کو فعال رکھنے اور ہمہ وقت مانیٹرنگ کرنے کی ہدائت کی ہے۔

انہوں نے یہ ہدایات یہاں لاہور چڑیا گھر میں کرسمس کے حوالے سے کیئے گئے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کے لئے کیے گئے دورہ کے موقع پر دیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چوہدری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ محمد اعظم، ڈپٹی ڈائریکٹر تنویر جنجوعہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو ہدائت کی کہ وہ کرسمس پر چڑیا گھر آنے والے سیاحوں کو عید کی طرح ہر ممکن سہولیات بہم پہنچائیں۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے چڑیا گھر کے مسیحی ملازمین کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک کاٹا اور انہیں کرسمس کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر مسلمانوں اور مسیحی برادری دونوں کے لئے یکساں اہمیت اور دوہری خوشی کا دن ہے کیونکہ یہ حضرت عیسی علیہ السلام اور بانیء پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ہے۔ ڈی جی جنگلی حیات نے کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں مسیحوں سے خطاب کرتے ہوئے 18 انیمل کیپرز کو گریڈ 1سے گریڈ 5اور ہیڈ کیپر کو گریڈ 4سے گریڈ 7میں اپ گریڈ کرنے کی خوش خبری سنائی ۔

انہوں نے ملازمین کی اپ گرڈیشن محکمے کی طرف سے ملازمین کو کرسمس کا تحفہ ہے۔ انہوں نے مذید کہا کے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہرممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کرنے اور فیسٹول گرانٹ میں اضافے اور سروس رولز میں ترمیم بارے بھی معاملات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے مختلف شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کے تقریبا 40 فیصد ملازمین کا تعلق مسیحی برادری سے ہے اور انہیں یہاں برابر کے حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ڈیوٹی دینے والے ملازمین کی طرح مسیحی ملازمین کو بھی خصوصی اعزازیہ دیا جائے گا۔ تقریب میں موجو مسیح برادری اور دیگر ملازمین نے ڈی جی جنگلی حیات کا ملازمین کی فلاح و بہبود بارے اقدمات پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ڈی جی جنگلی حیات نے چڑیا گھر کا دورہ کیا اور سکیورٹی معاملات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو موقع پر ہی ہدایات دیں ۔

متعلقہ عنوان :