باہرسے آنیوالوں کوٹیکہ لگاکرمسلم لیگی بنائیں گے،چوہدری شجاعت

لوگ ہمیں‌ووٹ‌بھی دینگے اور نوٹ‌بھی دینگے،انتخابی اصلاحات نہ ہوئیں‌توالیکشن کاکوئی فائدہ نہیں،حکومت کادھڑن تختہ ہونے والاہے،بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ(ق)دوسرے نمبرپررہی،سربراہ مسلم لیگ(ق) کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 24 دسمبر 2016 17:05

باہرسے آنیوالوں کوٹیکہ لگاکرمسلم لیگی بنائیں گے،چوہدری شجاعت

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24دسمبر2016ء): مسلم لیگ(ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہاہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں ان کے بغیر انتخابات کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ پھر دھاندلی ہو گی۔ وہ پاکستان مسلم لیگ سندھ کے کنونشن سے صوبائی صدر اسد جونیجو کی رہائش گاہ پر خطاب کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔

کنونشن سے اسد جونیجو کے علاوہ طارق حسن، نصیر مینگل، بوستان علی ہوتی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور چودھری شجاعت حسین کے دورہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہو گا۔ قبل ازیں چودھری شجاعت حسین کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال اور زبردست نعرے بازی کی گئی۔ چودھری شجاعت حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن میں ہماری جماعت نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، ضلع کونسل اٹک کے علاوہ مختلف شہروں کی بلدیات میں ہمارے چیئرمین اور وائس چیئرمین کامیاب ہوئے جن میں گجرات کی تحصیل جلال پور جٹاں سے سید ہاشم شاہ، اٹک کی تحصیل حسن ابدال سے ظہیر احمد چیئرمین اور زبیر خان وائس چیئرمین، اٹک کی تحصیل فتح جنگ سے عابد داؤد، چکوال کی تحصیل تلہ گنگ سے ملک نعیم طارق اور ملک زاہد اعوان اور تحصیل لاوا سے ملک قدیر الطاف اور محمد آصف نواز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے اس لیے وہ بلدیاتی الیکشن جیت گئی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے اور حالیہ تجربات کی روشنی میں ہم فوری انتخابی اصلاحات پر زور دے رہے ہیں۔ انہوں نے زبردست نعروں کے درمیان کہا کہ ہمیں گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ہمیشہ مثبت سیاست کرنی چاہئے، ہم نے اپنی کارکردگی کی بنا پر ووٹ لیے ہیں اور آئندہ انتخابات میں لوگ ہمیں ووٹ دیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے دھرنوں کی سیاست کے بارے میں سوال پر کہا کہ ہم دھڑن تختہ کی سیاست کریں گے، پاکستان کا دشمن ہمارا دشمن ہے، سب سے پہلے پاکستان ہماری سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نمائندے آئندہ جلسوں میں عوام کو جوابدہ ہوں گے، ہم مثبت اور بلاامتیاز عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔