نوجوان نسل کو شہید بشیر احمد بلور کی لازوال قربانی کو اپنے لیے مشعل راہ بنانا ہوگا،میاں افتخار حسین

اتوار 25 دسمبر 2016 20:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 دسمبر2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو شہید بشیر احمد بلور کی لازوال قربانی کو اپنے لیے مشعل راہ بنانا ہوگا،اور بشیر احمد بلور جیسے نڈر اور دلیر رہنما نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر اپنے آپ کو تاریخ میں امر کر دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی ارباب نیاز سٹیڈیم میں شہید امن بشیر بلور کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی ترجمان ہارون بلور، سرتاج خان اور نیاز مہمند سمیت سینکڑوں کی تعداد میں لوگ بھی موجود تھے ، میاں افتخار حسین نے جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا نوجوان نسل اس قوم اور ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور امن کے رہبر بشیر احمد بلور کے نام پر ہونے والا کرکٹ ٹورنامنٹ ہم سب کیلئے اعزاز کی بات ہے ،انہوں نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں دوسری بار اس ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہا ہوں ، انہوں نے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بشیر احمد بلور شہید نڈر ، بے باک اور دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر رہنے والے لیڈر اور اے این پی کا قیمتی اثاثہ تھے۔

(جاری ہے)

وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ جب وہ شہید ہوئے تو لوگوں نے مجھے کہا کہ آپ کا قریبی ساتھی آپ کو تنہا چھوڑ کر چلا گیا،درحقیقت ان کی کمی اور درد میں نے بہت محسوس کیا ہے وہ ایک ایسی شخصیت تھے کہ میرے بیٹھے کی شہادت پر تین دن تک روئے جبکہ میں آنسو چھپانے کی کوشش کرتا رہا۔ اُنہوں نے کہا کہ اپنے شہداء کو یاد رکھنا غیرت مند لوگوں کا کام ہے ، اور بشیر احمد بلور جیسے لیڈرکبھی نہیں مرتے بلکہ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہتے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بشیر احمد بلور شہید نے حقیقی معنوں میں باچا خان کا سپاہی ہونے کا حق ادا کر دیا اور اپنے وطن سے محبت کا عملی ثبوت دیا۔ ان جیسے بہادر ، نڈر ، بے باک لیڈرکو صدیوںتک یاد رکھا جائیگا۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کیلئے انتہائی اہم ہیں اور ان سرگرمیوں کے ذریعے ہم پشاور، خیبر پختونخوا، ملک اور پوری دنیا کو امن کا پیغام آسانی سے پہنچا سکتے ہیں ،آخر میں انہوں نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کی جبکہ رنر اپ کھلاڑیوں کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کھیلوں کے ساتھ ساتھ زندگی کے ہر میدان میں آگے بڑھنے کیلئیے محنت کرنی چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :