سپریم کورٹ نے ایم این اے جمشید دستی کے خلاف جعلی ڈگری کیس میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کرکے نوٹس جاری کر دیئے

پیر 26 دسمبر 2016 17:51

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں ایم این اے جمشید دستی کی بریت کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کو عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے جمشید دستی کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے محکمہ پراسکیوشن کی طرف سے دائر اپیل پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل مظہر شیر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس شواہد کی موجودگی میں جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ ٹھوس شواہد کے باوجود لاہور ہائیکورٹ نے جمشید دستی کی سزا ختم کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا حالانکہ ریکارڈ پر موجود تھا کہ جمشید دستی کی ڈگری جعلی ہے اور اسی بنیاد پر انہیں پچھلے انتخابات سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے جمشید دستی کی سزا بحال کی جائے۔ ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے جمشید دستی کو بری کرنے کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے ایم این اے جمشید دستی کو آئندہ سماعت کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔