اللہ بلاول کو محترمہ کا مشن جاری رکھنے کا حوصلہ دے… میر واعظ عمر فاروق کا بے نظیر کو زبردست خراج تحسین

آپ کے الفاظ میرے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں ‘پوری قوم کندھے سے کندھا ملا کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا میر واعظ کے ٹویٹ پر جوابی ٹویٹ

منگل 27 دسمبر 2016 15:22

سرینگر/ کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 دسمبر2016ء) میر واعظ عمر فاروق کا بے نظیر کو زبردست خراج تحسین حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بے نظیر بھٹو کی برسی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اللہ بلاول کو محترمہ کا مشن جاری رکھنے کا حوصلہ دے۔

(جاری ہے)

اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی نویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ کشمیر کو بے نظیر بھٹو یاد ہیں جس پرچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے میر واعظ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے الفاظ میرے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں پوری قوم کندھے سے کندھا ملا کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی اٹھارہ ماہ بعد وطن واپسی پر کراچی کے اولڈ ٹرمینل پر کارکنوں سے خطاب میں کشمیر کا خصوصی ذکر کیا تھا سابق صدر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے ہر گھر پر آج پاکستان کا جھنڈا لہرا رہا ہے ایک دن آئے گا جب پورا کشمیر پاکستان بن جائے گا۔