لاہور،وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے‘ڈپٹی مئیر رائو شہاب دین

منگل 27 دسمبر 2016 19:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 دسمبر2016ء) نو منتخب ڈپٹی مئیرنشتر ٹاون لاہورراو شہاب دین،چئیرمین کاہنہ ،معروف تاجر حاجی بشارت علی رحمانی نے گذشتہ روز عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت ہی عبادت،سیاست،دنیا کی سب سے اہم اورقیمتی چیز ہے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوامی خدمت کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے ۔

دوسری جانب عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالفین نے ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے کی ہر ممکن کوشش کی اوراللہ تعالیٰ نے 20کروڑ عوام کی دعائوں سے ان کی ہر ایسی کوشش کو ناکام بنایا۔2014ء میں دھرنوں کے ذریعے پی ٹی آئی کے سربراہ نے پاکستان کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی اورپھر2نومبر کووہ اسلام آباد بلکہ پاکستان کی ترقی کا لاک ڈاؤن کرنا چاہتے تھے،لیکن انہیں اس میںبھی ناکامی ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات کام کیا جارہا ہے ۔انشاء اللہ 2017ء کے آخر میں پاکستان سے اندھیرے چھٹ جائیں گے اوراجالے ہوں گے۔ زراعت،صنعت،تعلیم ،صحت اوردیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں پاکستان کے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں ،نیت صاف ہوتواللہ تعالیٰ بھی مدد کرتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اگر اللہ کو منظور ہوا تو وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں اگلے سال کے آخر میں پاکستان سے اندھیرے چھٹ جائیں گے ،ہر طرف اجالا ہوگا اوروافر بجلی دستیا ب ہوگی۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کسان پیکیج پر عملدر آمد شروع ہوگیا ہے۔ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے مالک کسانوں کو100ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع ہوچکا ہے ۔

کسانوں کو کھادوں پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے اور زرعی ٹیوب ویلوں کے بجلی کے نرخوں میں بھی کمی کی گئی ہے ۔وزیراعظم نوازشریف کی سربراہمی میں جاری ترقی کے اس سفر کی ہی مخالفین کو تکلیف ہورہی ہے ۔عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے تھے ،اللہ تعالیٰ نے ان کی چالوں کو ناکام بنایااوردھرنوں کے باوجود ترقی کے سفر کو آگے بڑھایا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے دن رات کام کیاجارہا ہے۔