بورڈ کی جانب سے شاہد آفریدی کو الوداعی یا فئیرول میچ نہ دینے سے دنیا میں مثبت پیغام نہیں جارہا ‘ جاوید آفریدی

بورڈ یہ مثال دینا چارہا ہے کہ جس نے پاکستان کی خدمت کی اس سے اس طرح کا سلوک کریں ‘ انٹر ویو میں گفتگو

منگل 27 دسمبر 2016 19:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2016ء) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سابق کپتان شاہد آفریدی کو الوداعی یا فئیرول میچ نہ دینے سے دنیا میں مثبت پیغام نہیں جارہا اس لیے پی سی بی کو اس بارے میں سوچنا ہو گا۔بی بی سی کو انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی نے بیس سال پاکستان کی خدمت کی، ملک کا تشخص بیرون ممالک میں بہتر بنایا، تو یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کو الوداعی میچ نہیں دے رہا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آپ یہ مثال دینا چاہ رہے ہیں کہ جس نے پاکستان کی خدمت کی اس سے اس طرح کا سلوک کریں جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے اور ایک مرتبہ پھر دہرانا چاہیں گے کہ کشمیر کی ٹیم کو بھی پی ایس ایل میں شامل کیا جائے۔بھارت اور پاکستان دونوں کے زیر انتظام کشمیر کی ایک متحدہ ٹیم بنا کر اسے پی ایس ایل ایک میں چھٹی ٹیم کی حیثیت سے شامل کیا جائے۔انہوںنے ملالہ یوسفزئی سے ملاقات بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک میں عدم برداشت زیادہ ہے، میں تو سب سے ملا ہوں اور ملتا رہوں گا۔